نئی دہلی//نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بدھ کو کہا کہ ہندوستانی تمام ثقافتوں اور مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور کسی کے مذہبی عقائد یا مذہبی قد کو نیچا دکھانا ہندوستانی ثقافت کے خلاف ہے۔
یہاں نائب صدر جمہوریہ کی رہائش گاہ پر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ڈیموکریٹک لیڈرشپ کے نوجوان طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ انسانیت کی ترقی کے لیے عالمی امن کی ضرورت ہے اور ایک مہذب معاشرے میں دہشت گردی، بدنیتی اور تفرقہ انگیز رجحانات کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف اپنی ثقافت پر فخر کرتا ہے بلکہ تمام ثقافتوں اور عقائد کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم واسودھیوا کٹمبکم کے آدرش پر عمل کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے سیکولر ملک ہے جہاں کسی بھی مذہب کا شہری ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہوسکتا ہے۔ ‘تنوع میں اتحاد کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘شیئر اینڈ کیئر ہندوستانی تہذیب کا مرکز رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے مذہبی عقیدے یا مذہبی قد کو نیچا دکھانا ہندوستانی ثقافت کے خلاف ہے جس میں تنوع کو ہم آہنگی کے ساتھ قبول کیا جاتا ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ کسی کو بھی کسی رائے کے خلاف سخت اور توہین آمیز بیان نہیں دینا چاہئے۔ یہ قابل قبول نہیں ہے۔
نائب صدر نے کہا کہ اگرچہ احتجاج کرنا جمہوری حق ہے لیکن پرتشدد احتجاج سے ملک کے مفادات کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت، تبادلہ خیال اور فیصلے سے ہی حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سیاست سمیت تمام شعبوں میں خواتین کی بھرپور شرکت کی وکالت کی۔