سرینگر/۸فروری
سیاحتی مقام سونہ مرگ میں ہفتے کی شام ہوٹل عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس واردات میں متعدد دکانیں ، ریسٹورینٹ ، کمرے نما ہوٹل اور دیگر ڈھانچے تباہ ہوئے ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار کے مطابق ابتدائی طورپر آگ کی اس واردات میں 50کے قریب دکانیں ،ریسٹورینٹ ، کمرے اور دیگر ڈھانچے خاکستر ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہجوم نے گاندربل ہیڈ کواٹر کی فائر اینڈ ایمرجنسی گاڑی اور دو انجنوں کو نقصان پہنچا یا۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کی شام چھ بجکر 20منٹ پر سیاحتی مقام سونہ مرگ کے مین مارکیٹ سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً متعدد عمارتوں اور دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی ، فوج اور پولیس کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم کئی گیس سلنڈر زور دار دھماکوں سے پھٹنے کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی ایک گاڑی سات بجکر پانچ منٹ پر جائے موقع پر پہنچی لیکن تب تک آگ نے سنگین ر خ اختیار کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں 50دکانیں اور متعدد ریسٹوریٹ اور کمرے نما ہوٹل خاکستر ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق سال 2008میں بھی سونہ مرگ کا مین مارکیٹ آگ کی بھیانک واردات میں پوری طرح سے تباہ ہوا تھا، اس وقت کی حکومت نے سونہ مرگ میں فائر سروس سٹیشن کھولنے پر رضا مندی جتائی لیکن آج تک یہ وعدہ وفا نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ سرکار نے بھی سونہ مرگ میں فائر سروس اسٹیشن قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس سرکار نے بھی یہ وعدہ پورا نہیں کیا اور آج آگ کی واردات میں پورا مارکیٹ تباہ ہو کررہ گیا۔
دریں اثنا فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سونہ مرگ کے مین مارکیٹ میں آگ بجھانے کی کارروائی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ سات فائر ٹینڈر اس وقت جائے موقع پر ہے تاکہ آگ پر قابو پایا جاسکے۔
آگ سے ہوئے نقصان کے بارے میں جب عہدیدار سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ مارکیٹ کی پوری شاپنگ لائن آگ کی لپیٹ میں آچکی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق 50کے قریب ڈھانچے جن میں دکانیں، ریسٹورینٹ، چھوٹے ہوٹل اور کمرے شامل ہیں خاکستر ہوئے ہیں۔
مذکورہ آفیسر کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی اس حوالے سے مکمل جانکاری فراہم کی جاسکتی ہے۔
ان کے مطابق جائے موقع پر موجود لوگوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی اور دو انجنوں کو نقصان پہنچایا جبکہ وہ آگ بجھانے کی کارروائی میں بھی رخنہ ڈال رہے ہیں۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک سونہ مرگ کے مین مارکیٹ میں آگ بجھانے کی کارروائی جاری تھی۔