نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے عام آدمی پارٹی، دہلی حکومت اور سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال پر پانی گھوٹالہ کرنے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ آپ -دا حکومت کے دوران پانی مافیا نے لوگوں کے پینے کے پانی پر قبضہ کر رکھا ہے ۔
بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر سمبت پاترا سوموار کی صبح صحافیوں کے ساتھ بجواسن اسمبلی حلقہ کے کاپسہیڑا گاؤں پہنچے اور جنوب مغربی دہلی کے علاقے میں پانی کے بحران کے ساتھ ساتھ علاقے میں غیر قانونی پانی کی فراہمی کے لئے ہوا میں لٹکی پانی کی پائپوں کے مکڑ جال کو دکھایا۔ اس دوران ڈاکٹر سمبت پاترا کے ساتھ بجواسن سے بی جے پی امیدوار کیلاش گہلوت اور دہلی بی جے پی میڈیا چیف پروین شنکر کپور بھی تھے ۔
ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ پچھلے پانچ سات سالوں سے بجواسن اسمبلی حلقہ بالخصوص کاپسہیڑا گاؤں میں دہلی جل بورڈ کی واٹر سپلائی پوری طرح سے ٹھپ پڑی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زمینی پانی کی بورنگ قانونی طور پر ممنوع ہے ، لیکن مسٹر کیجریوال اور ان کے جل بورڈ کی مہربانی سے یہاں پورے خطہ میں کئی غیر قانونی بورنگ کی گئی ہیں، جن میں سے زیادہ تر اے اے پی کے عہدیدار چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے اے پی کے دور حکومت میں دہلی میں پانی گھوٹالہ ہوا ہے ۔