نئی دہلی//
بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹورنامنٹ رنجی ٹرافی میں ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے والا نوجوان بولر ہمانشو سنگوان اسٹار بیٹر سے گیند پر دستخط کروانے بھی پہنچ گیا۔
12 سال کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کرنے والے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی رنجی ٹرافی کے ایک میچ میں محض 15 گیندوں پر صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔
36 سالہ کوہلی کو ریلوے کے 29 سالہ تیز گیند باز ہمانشو سنگوان نے کلین بولڈ کیا تھا۔ نوجوان کرکٹر نے وکٹ لینے پر جشن بھی منایا جس کی ویڈیوز اور تصاویر خوب وائرل ہوئیں تاہم کوہلی کے مداح آپے سے باہر ہوگئے اور بولر کو برا بھلا کہنے لگے۔
مام صورتحال کے باوجود نوجوان کرکٹر میچ کے اختتام پر ویرات کوہلی کے پاس اسی گیند پر دستخط کروانے پہنچ گیا جس سے اس نے اسٹار بیٹر کو آؤٹ کیا تھا۔
کوہلی نے گیند پر آٹوگراف دینے سے قبل نوجوان بولر سے کہا کہ ’’بہت زبردست گیند بازی کی اور جس پر آؤٹ ہوا وہ گیند کھیلنا مشکل تھی، میں واقعی لطف اندوز ہوا۔‘‘
واضح رہے کہ رنجی ٹرافی میں ویرات کوہلی کی ٹیم دہلی نے ریلویز کی ٹیم کو اننگز سے شکست دی تھی تاہم ٹیم کی خراب کارکردگی کے باوجود نوجوان بولر خبروں کی زینت بنا رہا۔