نئی دہلی،//یوتھ کانگریس نے جمعہ کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما اروند کیجریوال کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا اور ان پر جھوٹ بولنے اور عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔
یہ جانکاری دیتے ہوئے یوتھ کانگریس کے ترجمان ورون پانڈے نے بتایا کہ کارکنان یوتھ کانگریس کے باہر تنظیم کے صدر ادے بھانو چِب کی قیادت میں جمع ہوئے اور فیروز شاہ روڈ پر مسٹر کیجریوال کے گھر کی طرف روانہ ہوئے ، لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔ آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔ اس کے خلاف کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔
تنظیم کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چب نے کہا کہ جب سے عام آدمی پارٹی دہلی میں اقتدار میں آئی ہے ، آلودگی اور گندگی دہلی کی پہچان بن گئی ہے ، اروند کیجریوال اور بی جے پی صرف ایک دوسرے پر الزام تراشی کی سیاست میں مصروف ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی اور مسٹر کیجریوال نے جمنا کی صفائی سے متعلق بڑے بڑے وعدے کئے تھے ، لیکن وہ سب جھوٹ نکلے ۔ دہلی کی لائف لائن جمنا ندی آلودگی سے نبرد آزما ہے ، یہ کچرے اور سیوریج سے بھری ہوئی ہے اور اس سب کے لیے مسٹر کیجریوال ذمہ دار ہیں۔
مسٹر چِب نے کہاکہ ”مسٹر کجریوال 5 سال پہلے کہتے تھے کہ اگر جمنا کی صفائی نہیں ہوئی تو ووٹ نہ دیں۔ آج جمنا بہت آلودہ ہے ، اسی لیے ہم کیجریوال سے ان کے جھوٹ کا جواب مانگ رہے ہیں۔ ایک طرف جمنا صاف نہیں ہے تو دوسری طرف دہلی ملک کی واحد جگہ ہے جہاں آلودگی کی وجہ سے چھٹیاں ہوتی ہیں۔