سرینگر/30جنوری
حکمراں نیشنل کانفرنس (این سی) نے جمعرات کو کہا کہ اسے امید ہے کہ آئندہ بجٹ اجلاس میں جموں کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال ہو جائے گا۔
این سی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آئندہ بجٹ سیشن میں ریاست کا درجہ بحال ہوجائے گا۔
نیشنل کانفرنس کے رہنما اور ایم ایل اے زڈی بل تنویر صادق نے سرینگر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ دوہری طاقت کا مرکز کبھی بھی کسی بھی قوم کے مفاد میں نہیں ہوتا ہے ، لہذا لوگوں کے خدشات کو دور کرنے اور عوام کو روزگار اور دیگر چیزوں کو یقینی بنانے کےلئے ریاست کا درجہ بحال کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔
صادق نے کہا کہ مرکز سے لڑنا اور احتجاج کرنا آسان ہے لیکن وزیر اعظم نے خود عوام سے وعدہ کیا ہے اور اس لئے ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لئے مرکز کے ساتھ محاذ آرائی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
این سی ترجمان اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ایم ایل اے کے لئے حلقہ ترقیاتی فنڈ (سی ڈی ایف) 40 کروڑ روپے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس اور اپوزیشن کے تمام ایم ایل اے سے یہ وعدہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تجویز جلد ہی پیش کی جائے گی۔