نئی دہلی، 27 جنوری ( یو این آئی ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پنجاب کے امرتسر میں بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کی بے حرمتی کے معاملے پر عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ ان کے (مسٹر کیجریوال) کے کہنے پر ہوا ہے ۔
بی جے پی کے قومی ترجمان اور لوک سبھا کے رکن سمبیت پاترا نے دہلی اسٹیٹ بی جے پی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ‘‘مسٹر کیجریوال کے کہنے پر امرتسر میں بابا صاحب کی توہین کی گئی۔’’ انہوں نے کہا کہ جب پنجاب میں بابا صاحب امبیڈکر کی توہین ہوتی ہے تو پوری آپ خاموش رہتی ہے ۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مسٹر کیجریوال نے ڈاکٹر امبیڈکر اور دلتوں کی توہین کی ہو۔ پنجاب میں انتخابات سے پہلے مسٹر کیجریوال نے کہا تھا کہ جب ہماری حکومت بنے گی تو ہم کسی دلت کو نائب وزیر اعلیٰ بنائیں گے ، لیکن آج تک انہوں نے کسی دلت کو نائب وزیر اعلیٰ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال کو فوراً امرتسر جانا چاہئے اور ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کے سامنے معافی مانگنی چاہئے ۔ اس کے ساتھ انہیں اپنے عہدے سے بھی مستعفی ہو جانا چاہئے ۔
انہوں نے کہا ”آئین کا مسودہ تیار کرنے والے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کا مجسمہ پنجاب میں امرتسر کے مرکزی چوراہے پر نصب ہے اور وہیں کوتوالی پولیس اسٹیشن ہے ۔ وہاں آپ کی حکومت ہے اور ایک شخص امبیڈکر کے مجسمے کو ہتھوڑے سے توڑنے کی کوشش کرتا ہے ۔ لیکن پولیس اسے روکنے کی کوشش نہیں کرتی۔’’دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے کہا "اس طرح کی گھناؤنی حرکت مسٹر کیجریوال کی رضامندی کے بغیر نہیں ہو سکتی تھی۔
” انہوں نے کہا کہ آپ نے دلتوں اور پورے ہندوستان کی توہین کی ہے ۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے اور ان سب کو فوراً معافی مانگنی چاہیے ۔