جموں//
دہشت گردی کے ’ایکو سسٹم‘ کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے سخت کارروائی پر زور دیتے ہوئے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ بیرونی طاقتوں کی مسلسل کوششوں سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی ایجنسیوں کے بہتر تال میل کی ضرورت ہے۔
سنہا نے کہا کہ حکومت کی دہشت گردی سے نمٹنے کے بارے میں واضح پالیسی ہے’کسی دہشت گرد کو نہیں بخشنا اور کسی بے گناہ کو ہاتھ نہیں لگایا‘۔
ایل جی نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو ایک جیسی سزا دی جانی چاہیے۔ان کاکہنا تھا’’بیرونی طاقتوں کی کوششیں (جموں و کشمیر میں پریشانی کو ہوا دینے کی) جاری ہیں‘‘۔
سنہا نے یہاں ہندوستانی فوج کی ۱۶ویں کور کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں فوج کے جوانوں سے کہا ’’اندرونی علاقوں کے ساتھ ساتھ سرحدوں پر بھی سخت کارروائی کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر (دراندازی کرنے والے) دہشت گردوں سے نمٹنے کے علاوہ، فوجیوں کو ان کو اندرونی علاقوں میں کچلنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔
ایل جی کاکہنا تھا’’وہ (دہشت گرد) پڑوسی ملک کے کہنے پر معاشرے میں تباہی پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں۔ ان سے نمٹنے کیلئے، آپ کو تمام سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ بہتر تال میل کے ساتھ ساتھ ہماری صلاحیت اور چوکسی کو بڑھانا ہوگا‘‘۔
سنہا نے کہا ’’جموں و کشمیر انتظامیہ کیلئے‘جو شخص کسی دہشت گرد کو بندوق سونپتا ہے وہ اتنا ہی دہشت گرد ہے جتنا کہ بندوق بردار خود ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ساتھ بھی وہی سلوک کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دونوں کو ایک جیسی سزا دی جانی چاہیے کیونکہ دونوں انسانیت کے دشمن ہیں۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حکومت جموں و کشمیر سے دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، انہوں نے ایجنسیوں سے کہا کہ وہ اس ’ایکو سسٹم‘ کی تباہی کو یقینی بنائیں۔ان کاکہنا تھا’’ہمارا عزم مکمل ماحولیاتی نظام پر حملہ کو یقینی بنانا چاہیے‘‘۔
سنہا نے جموں کشمیر میں پریشانی کو ہوا دینے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جا رہا ہے اور ڈرون بھیجے جا رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کاکہنا تھا’’ہم لوگوں کی حفاظت اور سلامتی، قوم کے اتحاد اور سالمیت اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں‘‘۔انہوں نے جموں کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اپنی شان و شوکت دوبارہ حاصل کرے گا اور ترقی کی معراج پر پہنچے گا۔
اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے۱۶ویںکور کے کمانڈر‘ لیفٹیننٹ جنر ل منجندر سنگھ لیفٹیننٹ گورنر اور دیگر معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔اُنہوں نے سرحدوں کی حفاظت کے علاوہ عوام کے لئے اِنڈین آرمی کی جانب سے کئے گئے اہم اِقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔
اِنڈین آرمی کی باوقار وائٹ نائٹ کور کے۵۰ برسوں کے موقعہ پر ایک خصوصی ’’ فرسٹ ڈے کور‘‘ جاری کیا گیا۔ وائٹ نائٹ کارپس کی شاندار تاریخ اور ویر سمرتی یاترا کے اِنعقاد پر ایک مختصر فلم بھی سامعین کے لئے دِکھا ئی گئی۔
بعد میں لیفٹیننٹ گور نر نے لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی ، جی او سی ۔ اِن ۔ سی شمالی کمان کے ساتھ گولڈن جوبلی تقریبات کے موقعہ پر ’’ ویر سمرتی موٹر سائیکل ریلی ‘‘ میں جھنڈا لہرایا ۔ موٹر سائیکل ریلی۸؍جون۲۰۲۲ء کو راجوری کے لام سے شروع ہوئی تھی اور آج نگروٹہ پہنچی تھی۔
اِس موقعہ پر دیگر اہم شخصیات میں اے ڈی جی پی جموں ایس مکیش سنگھ اور صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار کے علاوہ فوج او رسول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔