سرینگر//
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے راہل گاندھی کے نام جاری سمن کے خلاف جموںکشمیر میں بھی کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے ۔
سرینگر میں احتجاج کے دوران جموںکشمیر پردیش کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر تاج محی الدین نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت شروع سے ہی اپوزیشن جماعتوں کے خلاف ای ڈی ،سی بی آئی اور این آئی اے جیسی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے ۔
مظاہرین نے کہا کہ’ نیشنل ہیرالڈ‘ کا معاملہ تحقیقات کے بعد بند ہوچکا ہے اور آج آٹھ سال بیت جانے کے بعد دوبارہ اٹھایا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نینشل ہرالڈ کانگریس کی پراپرٹی ہے اور وہ اس کو کس کو دے اس میں دوسرے کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے ۔
موصوف لیڈر نے کہا کہ ہم چپ کرکے نہیں بیٹھیں گے ہماری پارٹی ملک کے ہر گاؤں میں ہے اور آج کا جو احتجاج ہے یہ مزید بڑھے گا۔جموں میں بھی کانگریس کے کارکنوں نے احتجاج کرکے ای ڈی دفتر کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی جس کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔
اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر غلام احمد میر نے میڈیا کو بتایا کہ آج ملک میں کانگریس کی ساری قیادت سڑکوں پر ہے اور ہم ای ڈی دفتر کی طرف مارچ کریں گے ۔
میر نے کہا کہ اس کیس کے سلسلے میں ہمارے لیڈروں کو نوٹس بھیجنا سیاسی مفادات حاصل کرنے کی ایک کاوش ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی انتخابات نزدیک آتے ہیں تو بی جے پی اپوزیشن جماعتوں کے خلاف ای ڈی جیسی ایجنسیوں کو استعمال میں لاتی ہے ۔