سرینگر//
شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی کے جنگل علاقے میں ایک روز قبل لاپتہ ہونے والے کمسن لڑکے کی لاش پیر کی صبح بر آمد کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ قصبہ اوڑی کے تریکانجن بونیار علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک بارہ سالہ لڑکا شاہد احمد ولد عبدالجبار گنائی نے اتوار کے روز مویشی چرانے کیلئے گیا ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ شام تک جب وہ گھر واپس نہیں لوٹا تو اس کے اہلخانہ پریشان ہوئے اور انہوں نے اس سلسلے میں پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم اور مقامی لوگوں نے لاپتہ لڑکے کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ پیر کی صبح لڑکے کی لاش کو ایک علاقے میں بکھرے ہوئے بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لڑکے کی تلاش میں فوج نے بھی پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد کی اور اس کے لئے سراغ رساں کتوں کا استعمال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ لڑکے کو کسی جنگلی جانور نے ہلاک کیا ہے ۔