جموں//
جموں کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ مرکزی سرکار اور جموں وکشمیر حکومت راجوری کے بدھل گائوں میں پر اسرار طور پر واقع ہونے والی اموات پر بہت فکر مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری کا پتہ لگانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
چودھری نے کہا’’بدھل میں جو پر اسرار طور پر اموات واقع ہو رہی ہیں یہ بہت ہی بدقسمتی کی بات ہے ، وزیر عمر عبداللہ، میں خود اور وزیر صحت وہاں گئے اور وزارت داخلہ کی ایک ٹیم بھی وہاں موجود ہیں، طبی عملہ، سائنس داں اس بیماری کا پتہ لگانے کے لئے بہت کوششیں کر رہے ہیں‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا’’مرکزی سرکار اور جموںکشمیر حکومت دونوں مل کر یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ اموات کیسے واقع ہو رہی ہیں‘‘۔
چودھری نے کہا کہ اس بیماری کا پتہ لگانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا’’میں دو دن قبل ایک بچی کو ہسپتال دیکھنے گیا اور اس کے باپ سے بھی ملا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بیماری کا جلد سے جلد پتہ لگایا جا ئے گا۔
واضح رہے کہ راجوری کے بدھل گاوں میں پر اسرار بیماری کی وجہ سے ۱۲بچوں سمیت ۱۷؍افراد جاں بحق ہوئے جبکہ چھ افراد ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔