نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے باہر علاج کے انتظار میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے اور افراتفری کا سامنا کرنے والے لوگوں کا مسئلہ اٹھایا ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا اور دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔
مسٹر گاندھی نے لکھا ‘‘ملک بھر سے دہلی ایمس میں آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے میں نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت کو خط لکھا ہے کہ حال ہی میں، میں نے دیکھا کہ یہ مریض شدید سردی میں میٹرو اسٹیشن کے نیچے سونے پر مجبور ہیں۔ ان کے لئے پینے کے پانی یا بیت الخلاء کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ آس پاس کوڑے کے ڈھیر بھی پڑے ہیں۔”
مسٹر راہل گاندھی نے کہا "اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کا دہلی ایمس میں آنا یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ جہاں لوگ رہتے ہیں وہاں لوگوں کو سستی اور اچھے معیار کی صحت کی سہولیات نہیں مل رہی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ میرے خط کا نوٹس لیتے ہوئے دہلی کی وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت اس انسانی بحران کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے ۔ یہ بھی امید ہے کہ مرکزی حکومت آئندہ بجٹ میں صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی اور اس کے لیے درکار وسائل میں اضافہ کرے گی۔