چھپرہ// بہار کے سارن ضلع کے ڈوری گنج، نیاگاؤں اور بنیا پور تھانہ علاقے سے پولیس نے بھاری مقدار میں دیسی شراب برآمد کرنے کے ساتھ ایک شراب تاجر کو گرفتار کیا ہے ۔
سارن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کمار آشیش نے منگل کو یہاں بتایا کہ ڈوری گنج تھانے کی پولیس نے مغربی بلوا گاؤں کی پنچایت عمارت کے قریب جھاڑیوں میں چھاپہ مار کر 150 لیٹر دیسی شراب برآمد کی ہے ۔ تاہم موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تاجر وہاں سے فرار ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیا گاون تھانے کی پولیس نے ریلوے ریک پوائنٹ سے تقریباً 100 میٹر شمال میں واقع ویدیا ناتھ رائے ہوٹل کے سامنے سرسوں کے کھیت میں چھاپہ مارا اور گاکرا گاؤں کے رہنے والے محمد مبین کے ساتھ 60 لیٹر دیسی شراب برآمد کی۔ محمد مبین کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مدھیہ پردیش امتناع اور ایکسائز ایکٹ کی دفعہ 30 (اے ) کے تحت ایف آئی آر درج کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔
ڈاکٹر آشیش نے بتایا کہ بنیا پور تھانے کی پولیس نے خاکی مٹھیا بازار میں واقع مندر کے پیچھے آم کے باغ سے 180 لیٹر دیسی شراب برآمد کی ہے ۔ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تاجر وہاں سے بھاگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈوری گنج اور بنیا پور تھانوں کی پولیس اس معاملے میں شراب کے تاجر کی گرفتاری کے لیے امتناعی اور آبکاری قانون کی دفعہ 30 (اے ) کے تحت الگ الگ ایف آئی آر درج کر کے چھاپے مار رہی ہے ۔