نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر کھلے عام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ آتشی کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج ہوجاتی ہے
مسٹر کیجریوال نے ‘ ایکس ‘ پر کہا ”ان کے لیڈر کھلے عام پیسے بانٹتے ہیں، ساڑیاں، کمبل، سونے کی چین وغیرہ تقسیم کرتے ہیں، فرضی ووٹ بنواتے ہیں، پھر بھی ان کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوتی۔ لیکن وزیر اعلیٰ آتشی کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا "عام آدمی پارٹی پورے سسٹم کے خلاف لڑ رہی ہے ۔ اس بوسیدہ نظام کو عوام کے ساتھ مل کر بدلنا اور صاف کرنا ہے ۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں ایک ہی بوسیدہ نظام کا حصہ ہیں۔’’
آپ کے لیڈر منیش سسودیا نے کہا [؟]پولیس ان کی ہے ، من مانی ان کی ہے ، ایف آئی آر ان کی ہے ۔ لہذا، بی جے پی کے لیڈر کے خلاف کھلے عام نقدی، کمبل، ساڑیاں تقسیم کرنے ، فرضی ووٹ حاصل کرکے قانون کی دھجیاں اڑانے پر کوئی ایف آئی آر نہیں لیکن وزیر اعلیٰ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہے ؟ ’’
مسٹر سسودیا نے کہا کہ ‘‘ہم بی جے پی کے ایسے گیدڑوں سے نہیں ڈرتے ۔ ہم دہائیوں سے زنگ آلود سسٹم کو بدلنے کے لیے نکلے ہیں، پرانی پارٹیوں کی دکانیں بند ہو رہی ہیں تو انہیں تکلیف ہو رہی ہے ۔ ہم ہر چیلنج کے لیے تیار ہیں۔’’
قابل ذکر ہے کہ محترمہ آتشی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔
دریں اثناعام آدمی پارٹی آپ) نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو دہلی کے لوگوں کو بتانا چاہئے کہ اگر رمیش بدھوڑی ان کا وزیر اعلیٰ کا چہرہ نہیں ہے تو کون ہے ؟
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دو تین دن پہلے پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے چہرے اروند کیجریوال نے بی جے پی کے لیڈر رمیش بدھوڑی کو کھلا چیلنج دیا تھا۔ انھوں نے مسٹر بیدھوڑی سے سوال کیا تھا کہ دہلی کے لیے ان کا وژن کیا ہے اور وہ دہلی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟ اس موضوع پر مسٹر کیجریوال نے کہا تھا کہ وہ مسٹر بدھوڑی کے ساتھ عوامی پلیٹ فارم پر بحث کرنا چاہتے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ مسٹر بدھوڑی بی جے پی میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے سب سے طاقتور اور مضبوط دعویدار ہیں۔ ان کے پاس وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں ، جو بی جے پی کا وزیر اعلیٰ بننے کے لیے درکار ہیں ۔
آپ کے لیڈر نے کہا کہ اب معلوم ہو رہا ہے کہ مسٹر بدھوڑی کہہ رہے ہیں کہ وہ بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کا چہرہ نہیں ہیں۔ اگر وہ چہرہ نہیں ہیں تو بی جے پی کو بتانا چاہیے کہ ان کا دولہا کون ہے ؟ دولہے کے بغیر بارات لیکر بی جے پی کہاں جارہی ہے ؟ دولہے کے بغیر شادی کی بارات لے کر بی جے پی دہلی کے لوگوں کو کیا بتانے کی کوشش کر رہی ہے ؟ یہ بہت خطرناک بات ہے کہ انتخابات ہوں گے اور انتخابات تک دہلی کے لوگوں کو معلوم نہیں ہوگا کہ بی جے پی کی طرف سے وزیراعلیٰ کا چہرہ کون ہے ؟