جموں//
جموںکشمیر کے راجوری ضلع کے بدھل گاؤں میں پر اسرار بیماری کی وجہ سے مزید دو بچے فوت ہوئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال میں زیر علاج مزید چار بچوں کی بھی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق راجوری کے بدھل گاوں میں پر اسرا ر بیماری پھوٹ پڑی ہے جس وجہ سے بچوں کی اموات کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے ۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راجوری کے بدھل گاوں میں تین بچے فوت ہوئے ہیں جس وجہ سے پورے علاقے میں سنسنی کا ماحول پھیل گیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز بدھل گاوں میں سات بچوں کی حالت اچانک متغیر ہوئی جنہیں فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر تین بچے جانبر نہ ہو سکے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال میں زیر علاج مزید چار بچوں کی بھی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے ۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس پراسرار بیماری کی وجہ سے ایک درجن کے قریب افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے بچوں کی اموات کاسلسلہ جاری ہے اور انتظامیہ اس بیماری پر قابو پانے میں مکمل طورپر ناکام ثابت ہو چکی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ سائنسی دور میں اگر انتظامیہ بیماری کا پتہ لگانے سے قاصر نظر آرہی ہے تو اسے یہ صاف اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ راجوری میں طبی سہولیات کس نہج پر پہنچ چکی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمر عبداللہ کی سربراہی والی سرکار نے انہیں بے یارو مدد گار چھوڑ دیا ہے ۔
دریں اثنا سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے بدھل علاقے میں ڈاکٹروں کی ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر سرکار وعدہ بند ہے ۔
راجوری کے بدھل علاقے میں کون سے بیماری پھوٹ پڑی ہے فی الحال ڈاکٹر اس کا پتہ لگانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔