جموں//
سماجی انصاف اور اختیارات کے مرکزی وزیر وزیر رام داس اٹھوالے نے ہفتے کے روز بتایا کہ دفعہ ۳۷۰کی منسوخی سے جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے ۔
اٹھوالے نے بتایا کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کو تمام محازوں پر ترقی دینے کے لئے پر عزم ہے ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں کنونشن سینٹر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لیجانے کی خاطر موجودہ مرکزی حکومت کوشاں ہے ۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے اور ہر علاقے میں اب لوگوں کو سبھی سہولیات میسر ہے ۔
اُن کے مطابق موجودہ مرکزی حکومت ایک پر امن اور ترقی یافتہ جموں وکشمیر کی خواہاں ہے اور اس کے لئے مختلف محازوں پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
اٹھوالے نے بتایا کہ۵؍اگست۲۰۱۹کے بعد جموں وکشمیر کے لئے ترقی کے دروازے کھل گئے ہیں۔
مرکزی وزیر نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے سبھی علاقوں میں اس وقت تعمیر وترقی کے کام شروع کئے گئے ہیں اور یہ سب کے سامنے عیاں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی پوزیشن کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں سبھی مرکزی معاونت والی اسکیمیں لاگو کی گئی جس وجہ سے لوگوں کو فائدے مل رہے ہیں۔
اٹھوالے نے بتایا کہ پردھان منتری آواس یوجنا، جن دھن یوجنا ، اجولا یوجنا اور دوسری مرکزی معاونت والی اسکیموں سے یہاں کے لوگ اب استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر مملکت کے مطابق دفعہ۳۷۰کے باعث ان اسکیموں سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو محروم رکھا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں مرکزی حکومت اس وقت جموں وکشمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں ۔
اٹھاولے جموں کے ہری نواس پیلس میں نیلسن منڈیلا نوبل پیس ایوارڈز کی تقریب میں بھی حصہ لیں گے۔
قبل ازیں وزیر نے جموں و کشمیر میں سماجی بہبود کی اسکیموں کے نفاذ سے متعلق جموں و کشمیر محکمہ سماجی بہبود کے سینئر افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ بھی کی جس میں ڈائریکٹر جنرل، سماجی بہبود محکمہ، جموں و کشمیر محترمہ وویک شرما نے بھی شرکت کی۔