سرینگر/۱۱جنوری
وزیر اعظم‘ نریندر مودی نے آج جموں و کشمیر کے سونمرگ کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جہاں وہ 13 جنوری کو زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کرنے والے ہیں۔
جموں کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ کی جانب سے ٹنل کے مقام کے فضائی اور زمینی جائزے کے بارے میں پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ ٹنل کے افتتاح کےلئے سونمرگ کے دورے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
مودی نے سیاحت اور مقامی معیشت دونوں کے لئے ٹنل کے فوائد کی نشاندہی کرنے کے لئے وزیر اعلی عمر عبداللہ کی تعریف کی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر وزیر اعظم مودی نے کہا”میں ٹنل کے افتتاح کےلئے جموں کشمیر کے سونمرگ کے اپنے دورے کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔ آپ نے بجا طور پر سیاحت اور مقامی معیشت کے فوائد کی نشاندہی کی ہے“۔
وزیر اعظم مودی نے ایکس پر مزید کہا”اس کے علاوہ، فضائی تصاویر اور ویڈیوز اچھی لگیں۔“
قبل ازیں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے سونمرگ کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ مشیر ناصر اسلم وانی، ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری اور پولیس اور سول انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
عمرعبداللہ نے ایکس پر لکھا”وزیر اعظم نریندر مودی جی کے پیر کے روز دورے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے آج سونمرگ کا دورہ کیا۔ زیڈ موڑ سرنگ کا افتتاح سونمرگ کو سال بھر سیاحت کے لئے کھول دے گا، سونمرگ کو اب ایک عظیم سکی ریزورٹ کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ مقامی آبادی کو سردیوں میں نہیں جانا پڑے گا اور سرینگر سے کرگل / لیہہ کے سفر کا وقت بھی کم ہوجائے گا“۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے ایکس ہینڈل پر سرنگ کی تصاویر اور فضائی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔