سرینگر//
وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص سرینگر اور گاندربل اضلاع کے قرب و جوار میں سیکورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے ۔
بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی ۱۳جنوری کو زڈ موڑا ٹنل کا افتتاح کریں گے ۔
پی ایم مودی کے اس دورے کے پیش نظر حکام نے وادی بالخصوص شہر سری نگر کے قرب وجوار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کیلئے بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے جمعے کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بتایا کہ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدید ہتھیاروں سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکس ہیں۔
نامہ نگار نے کہا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جاتی تھی اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سلامتی عملے کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جو مشکوک نظر آنے والی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقوں جن میں زکورہ، گلاب باغ، پاندچھ، آلسٹینگ اور ناگہ بل علاقے شامل ہیں ، میں دو پہیہ گاڑیوں جن میں خاص کر موٹر سائیکل شامل ہیں پر سوار افراد کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔