جموں//
جموںکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہاکہ جموں کشمیر کے عوام نے جس سرکار کو اپنے قیمتی ووٹوں سے جس طرح کامیاب بنایا ہے اس کو آزادانہ طور پر کام کرنے کیلئے ہر سطح پر تعان دینے کی ضرورت ہے ۔
فاروق نے مزید بتایا کہ موجودہ سرکار لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھر پور سعی کر رہی ہے ۔
ان باتوں کا اظہار این سی صدر نے جموں میں اپنی رہائش گاہ پر متعدد عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔
فاروق نے کہا کہ عوامی نمائندہ سرکار بہتر اور افضل انتظامیہ کی علامت ہوتی ہے کیونکہ عوامی سرکار ہی لوگوں کے مسائل و مشکلات سے باخبر ہوتی ہے اور ان کا ازالہ کرسکتی ہے ۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی سرکار کا متبادل کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔اُن کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور آئینی ماحول میں سخت گیر پالیسی،دھونس دباؤ اور طاقت کی کوئی بھی قیمت نہیں ہوتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا’’جموں کشمیر کا رشتہ مرکز کے ساتھ جن اصولوں پر آنجہانی ہری سنگھ نے کیا ہے ان پر ہی عمل کرکے ریاست کی ترقی،خوشحالی اوور امن و سکون کا راز مضمر ہے‘‘۔
این سی صدر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی عوامی نمائندہ سرکار لوگوں کے تمام مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے برسر جہد ہے جن وعدون کا انتخابی منشور میں ذکر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو کم کرنا موجودہ سرکار کی اولین ترجیح ہے کیونکہ لوگوں نے نیشنل کانفرنس کو اعتماد دیا ہے اس پر عمل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ فاروق گذشتہ کئی دنوں سے جموں میں قیام پذیر ہیں جہاں ہر روز درجنوں عوامی ، تاجر اور ملازم انجمنوں کے وفود اُن سے ملاقی ہورہے ہیں ۔