سرینگر//
وادی کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے سے آگ کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں آگ کی ۴۲وارداتیں رونما ہوئی ہیں۔
عہدیدار نے کہاکہ سرینگر میں اس دوران دس آگ کی وارداتوں میں متعدد رہائشی مکانوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
ان کہنا تھا کہ ہیٹنگ آلات کے استعمال کے دوران احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔ان کے مطابق رات کے دوران بجلی سے چلنے والے ہیٹنگ آلات کو بند رکھنا لازمی ہے تاکہ آگ کی وارداتوں سے بچا جا سکے ۔
عہدیدارکے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ کی وارداتوں سے بچنے کی خاطر ایس او پیز بھی جاری کیں ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے عہدیدار کے مطابق سردی کے ایام کے دوران ہیٹنگ آلات جیسے بلور، کمبل اور بجلی سے چلنے والی بخاریوں کے استعمال سے آگ کی وارداتیں رونما ہونے کا زیادہ خطرہ لاحق رہتا ہے ۔
انہوں نے کہا’’جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر لوگوں کو ایس او پیز پر من وعن عمل کرنی چاہئے ‘‘۔
بتادیں کہ وادی میں نئے سال کے پہلے ہفتے میں آگ کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور آئے روز فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں آگ کی وارداتوں میں نو رہائشی مکان اور چار دکانیں خاکستر ہوئی ہیں۔