سرینگر//
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ مفتی سعید کے انتقال نے خطے کے سیاسی منظر نامے میں ایک خلا چھوڑ دیا ہے جو ابھی تک بھرا نہیں گیا ہے۔
عمرعبداللہ نے آج مرحوم لیڈر کی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہو ئے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی مرحوم مفتی محمد سعید صاحب کو ان کی ۹ویں برسی پر یاد کرتا ہوں۔ مفتی صاحب کشمیر سے ابھرنے والے سب سے سینئر سیاسی رہنماؤں میں سے ایک تھے ۔انہوں نے مرکزی حکومت میں مختلف وزارتوں میں خدمات انجام دیں اور دو بار جموں کشمیر کے وزیر اعلی منتخب ہوئے۔ ان کی موت نے جموں کشمیر کے سیاسی منظر نامے میں ایک خلا چھوڑ دیا ہے جو ابھی تک پر نہیں ہوا ہے‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے پوسٹ میں کہا کہ اللہ انہیں جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔
دریں اثناوزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ برف باری کے بعد وادی کشمیر میں بحالی کا کام زور و شور سے جاری ہے اور اس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ۔
عمر عبداللہ نے منگل کو’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’جموں کشمیر میں برف باری کے بعد خاص طور پر وادی میں بحالی کا کام زوروں پر ہے اور اس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کابینہ وزراء، سینئر آفیسران اور مشیروں کی نگرانی میں بحالی کا کام شدو مد سے جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج اندرونی سڑکوں ، گلی کوچوں میں موجود برف کو ہٹانے کے کام پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔
ان کے مطابق بجلی تقریباً بحال ہو چکی ہے۔۳۳کے وی فیڈرز سو فیصد اور۱۱کے وی فیڈرز کی۹۹فیصد بحالی مکمل ہو چکی ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’وزراء سکینہ ایتو، جاوید ڈار، اور ناصر اسلم وانی(وزیر اعلیٰ کے مشیر) زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اضلاع کا دورہ کریں گے ‘‘۔
بتادیں کہ وادی کشمیر اور جموں صوبے کے کچھ حصوں میں اتوار کی رات بھاری برف باری ہوئی جس سے سڑکیں بند ہوئیں اور کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی در ہم و بر ہم ہوگیا۔