سرینگر///
سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر اور کولگام کے ممبر اسمبلی ‘ محمد یوسف تاریگامی نے کشمیر میں دم گھٹنے کے بڑھتے ہوئے معاملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو حکومت پر زور دیا کہ وہ گھروں کو رعایتی نرخوں پر کاربن مونو آکسائڈ سینسر فراہم کرے۔
کشمیر میں دم گھٹنے کے بڑھتے ہوئے معاملوں ‘ جن میں سے اب تک سات لوگوں کی موت ہو چکی ہے، ایک متاثرہ کی حالت اب بھی نازک ہے‘کا حوالہ دیتے ہوئے سی پی آئی (ایم) رہنما نے کہا کہ حکومت کو مقامی اداروں کے ذریعہ رعایتی نرخوں پر کاربن مونو آکسائڈ سینسر تقسیم کرنے کے لئے ایک پالیسی تشکیل دینی چاہئے۔
کمیونسٹ لیڈر نے مزید کہا کہ اگرچہ متاثرین کو واپس نہیں لایا جاسکتا ہے ، لیکن انسانی ہمدردی کے طور پر اہل خانہ کو معاوضہ دیا جانا چاہئے ، اور دم گھٹنے کی وجہ سے تشویشناک حالت میں افراد کو فوری اور مفت علاج فراہم کیا جانا چاہئے۔
تاریگامی نے کہا کہ کاربن مونو آکسائڈ زہر کے خطرات کے بارے میں گاؤں کی سطح پر بیداری مہم چلانے کی ضرورت ہے اور جموں و کشمیر میں دم گھٹنے کے مزید واقعات کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔