جموں//
جموں پولیس نے ۲۰۲۴ میں جموں ضلع میں منشیات فروشی کے ۲۰۰ معاملوں میں ملوث ۳۰۰؍ افراد کو گرفتار کیا ہے اور کئی سو کروڑ روپے مالیت کی ۴۳ کلو گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔
پولیس نے اس مدت کے دوران ضلع میں منشیات اسمگلروں کی۶۹ء۴ کروڑ روپے مالیت کی۱۱ جائیدادوں کو بھی ضبط کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ انسداد منشیات مہم کے ایک حصے کے طور پر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ۲۰۰مقدمات درج کیے اور گزشتہ سال ضلع میں منشیات فروشی میں ملوث ۳۰۰؍ افراد کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ ان معاملوں میں ملوث ۸۳ گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
ترجمان نے کہا کہ صرف ہیروئن کی اسمگلنگ کے مقدمات میں ۱۵۳؍ایف آئی آر درج کی گئیں اور ان مقدمات میں ۲۴۶؍افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں سے۱۹سخت گیر منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ میں غیر قانونی ٹریفک کی روک تھام کے سخت قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو عادی مجرموں کے خلاف محکمہ کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ پولیس نے۲۰۲۴کے دوران قانون کے تحت ضلع میں۴کروڑ۶۹لاکھ۹۱ہزار۳۶۹ روپے مالیت کی۱۱ غیر منقولہ جائیدادیں اور۱۲لاکھ۵۰ہزار روپے مالیت کی تین منقولہ جائیدادیں (گاڑیاں) ضبط کیں۔
ترجمان نے کہا’’غیر قانونی طور پر حاصل کردہ ان اثاثوں کی ضبطی منشیات کے گروہوں کے مالی نیٹ ورک کو درہم برہم کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔‘‘