جموں//
وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پیر کے روز کہاکہ ۵۰برس کے بعد جموںکشمیر کو پوری طرح سے ریل نیٹ ورک کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ آج جموں وکشمیر کے لوگوں کی دیریانہ مانگ کو پرا کیا گیا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ مودی جی کی قیادت میں مرکزی سرکار نے پچاس برس کے بعد جموںکشمیرکو پوری طرح سے ریل نیٹ ورک سے جوڑنے کا کام مکمل کیا جس کیلئے مرکزی زیر انتظام کے لوگ مبارکبادی کے مستحق ہیں۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا ’’اُن سیاستدانوں سے سوال پوچھا جانا چاہئے جنہوں نے اس خطے کو ریلوے نیٹ ورک سے پرے رکھنے کی بھر پور سعی کی‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر نے سال ۱۹۷۲میں پہلی ٹرین کا مشاہدہ کیا۔
ڈاکٹر سنگھ کا کہنا تھا کہ کشمیر کو ریل کے ذریعے ملک کی دیگر ریاستوں سے جوڑنے کی کئی سیاستدان مخالفت کر رہے تھے لیکن آج مودی جی نے کشمیر کو ریل نیٹ ورک سے جوڑ کر ایک تاریخی سنگ میل عبور کیاہے ۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ آج جموںکشمیر کے لوگوں کی ایک دیریانہ مانگ پوری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس تاریخی ریلوے نیٹ ورک کا فائدہ یہاں کے عام لوگوں کو بھی پہنچے گا۔
وزیر وزیر مملکت نے کہاکہ یہ ریلوے پروجیکٹ نہ صرف کشمیر بلکہ ہندوستانی ریلوے کے لئے ایک تاریخی سنگ میل ہے ۔مرکزی وزیر نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی جموںکشمیر کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی اور خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔
دریں اثنا بی جے پی کے ترون چگ نے پیر کے روز کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کو مواقع اور ترقی کے علاقے میں تبدیل کردیا ہے اور اس کے عوام کی امنگوں کو پورا کیا ہے۔
کثیر الجہتی ترقی کیلئے حکومت کے عزم پر روشنی ڈالتے ہوئے چگ نے اس بات پر زور دیا کہ ایک نئے ریلوے ڈویڑن کے قیام اور بارہمولہ تک ریل نیٹ ورک کی توسیع سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نقل و حمل ، مال بردار نقل و حرکت ، کاروباری مواقع اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں انقلاب آئے گا۔
بی جے پی کیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر میں سڑک اور ریل کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرکے ترقی کے دور کا آغاز کیا ہے جس سے براہ راست سیاحت کو فروغ ملا ہے۔ ان کی بصیرت افروز سوچ نے جموں و کشمیر کو دہشت گردی کے دارالحکومت سے سیاحت کے دارالحکومت میں تبدیل کر دیا ہے، جسے لبرل فنڈنگ اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی کی حمایت حاصل ہے۔
چگ نے کہا کہ نئے ریلوے ڈویڑن کے افتتاح سے مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے نمایاں مواقع پیدا ہوں گے اور تجارت اور علاقائی معیشت کو بہت ضروری فروغ ملے گا۔