کٹک//ہندوستان ٹیم نئی دہلی میں پہلے میچ میں 211 رن بنانے کے باوجود جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پانچ گیند پہلے ہی سات وکٹوں سے ہارجھیلنے کے بعد اتوار کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں برابری حاصل کرنے اترے گی۔
اپنے متعدد سرکردہ کھلاڑیوں کو آرام دینے اورکپتان لوکیش راہل کے انجری کے سبب سیریز سے باہر ہوجانے کے بعد رشبھ پنت کو نیا کپتان نامزد کیا گیا لیکن پنت بھی ٹیم کے 211 رن بنانے کے باوجود اپنے گیندبازوں میں اس کا دفاع کرپانے کا جوش نہیں بھرسکے۔ اب ان کے پاس دوسراموقع ہے کہ وہ ٹیم کو برابری پر لے آئیں۔ جنوبی افریقہ نے اپنی ٹی20 تاریخ میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کواس کے ریکارڈ مسلسل 13 ٹی20 فتوحات سے محروم کردیا۔ یہ سب کچھ ڈیوڈ ملر اور رئیسی وین ڈیر ڈوسن کی نصف سنچریوں کی بدولت ممکن ہوا جنہوں نے چوتھے وکٹ کے لیے ناٹ آوٹ 131 رنوں کی شراکت کی۔
پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو ابتدا میں قسمت کا ساتھ ضرور ملا لیکن انہوں نے اسکور بورڈ پر 211 رنوں کا بڑا اسکورکھڑا کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ جو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستانی ٹیم کا سب سے زیادہ اسکور تھا۔
لیکن ہندوستانی بلے بازی کے جواب میں جنوبی افریقہ نے پاور پلے میں ہی اپنے ارادے واضح کر دیے اور پہلے چھ اوورز میں 61 رنز بناڈالے۔ حالانکہ جنوبی افریقہ نے کپتان ٹمبا باوما اور ڈوین پریٹوریس کاوکٹ گنوادیاتھا۔ لیکن ملر اور وان ڈیر ڈوسن نے جنوبی افریقہ کی کشتی کو پارلگادیا۔ پارٹنرشپ کے پہلے ہاف میں وان ڈیر ڈوسن نے قدرے سست کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے اور آخری مرحلے میں انہوں نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے جبڑوں سے میچ چھین لیا۔
وان ڈیر ڈوسن کا ان کی اننگ کے آغاز میں شریاس آئیر کے ہاتھوں باؤنڈری کے قریب ایک آسان کیچ چھوٹ گیاتھا اور ان کا کیچ چھوڑنا ہندوستان کے لیے کافی مہنگا ثابت ہواتھا۔ جنوبی افریقی بلے باز نے شریاس ائیر کے ذریعہ کیچ ڈراپ ہونے کے بعد 15 گیندوں پر میچ وننگ 45 رن بنائے۔ اگرچہ ایشان کشن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ائیر کی اس غلطی کو ماننے سے انکار کردیا تھا، لیکن وان ڈیر ڈوسن نے اعتراف کیا تھا کہ اس جیون دان نے انہیں آگے بہتر کھیلنے کی ترغیب دی تھی۔
کشن نے کہا تھا کہ پہلے میچ میں ٹیم نے جو غلطیاں کی ہیں وہ انہیں دہرانے سے بچے گی اورواپسی کرے گی۔