نئی دہلی// دہلی پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال سے نئے سال کے دن جھوٹ اور فریب کی سیاست کو ترک کرنے کی اپیل کی ہے ۔
دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے آج مسٹر کیجریوال کو ایک خط لکھ کر نئے سال کے دن جھوٹ اور فریب کی سیاست میں شامل نہ ہونے کا عہد کرنے کی اپیل کی ۔
مسٹر سچدیوا نے مسٹر کیجریوال کو نئے سال 2025 کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صحت مند اور لمبی زندگی کی خواہش کی ہے ۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ بچپن سے ہی ہم سب نئے سال کے دن بری عادتوں کو ترک کرنے اور اچھے اور نئے کام کرنے کا عزم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج نئے سال 2025 کے پہلے دن آپ بھی جھوٹ نہ بول کر فریب کی سیاست جیسی بری عادت کو ترک کر کے اپنے اندر بامقصد تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں۔
بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ میری درخواست پر آپ اس سال کم از کم یہ پانچ عہد ضرور کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ دوبارہ کبھی اپنے بچوں کے نام پر جھوٹی قسمیں نہیں کھائیں گے ، آپ جھوٹے وعدے کرکے دہلی کی خواتین، بزرگوں اور مذہبی لوگوں کے جذبات سے کھیلنا بند کردیں گے اور دہلی میں شراب کو بڑھاوا دینے پر آپ دہلی کے لوگوں سے معافی مانگیں گے ۔
بی جے پی کے لیڈر نے کہا کہ امید ہے کی مسٹر کیجریوال جھوٹی یقین دہانیوں اور جمنا کی صفائی کے نام پر کیے گئے بدعنوانی کے ناقابل معافی جرم کے لیے سرعام معافی مانگیں گے اور وہ اس بات کا عہد کریں گے کہ ملک دشمن طاقتوں سے نہیں ملیں گے اور سیاسی فائدے کے لیے چندہ نہیں لیں گے ۔
مسٹر سچدیوا نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ میری ان تجاویز کو قبول کریں گے اور جھوٹ اور فریب سے دور رہ کر اپنی زندگی میں بامعنی بہتری لائیں گے ۔ خدا آپ کو صحیح راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ۔