جموں
نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے آج اِس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیری پنڈت جموں و کشمیر کے ثقافتی اور سماجی تانے بانے کا لازمی حصہ ہیں اور حکومت اُن کی باوقار بازآبادکاری کے لئے پُرعزم ہے۔
اِن باتوں کا اِظہار اُنہوں نے آج یہاں جگتی ٹائون شپ نگروٹہ میںاَپنے دورہ کے موقعہ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل فلوری کلچر ، ریلیف کمشنر (مائیگرنٹس)، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین جموں اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔
اِس موقعہ پر سریندرکمار چودھری نے کشمیری پنڈتوں کے مسائل کو دور کرنے اوراہدافی اَقدامات،مضبوط سپورٹ سسٹم اور مختلف فلاحی سکیموں سے اُن کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ جگتی ٹاؤن شپ کے رہائشیوں اور کشمیری مائیگرنٹوںکومجموعی طور پر بہتر معیار ِزندگی فراہم کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جارہی ہیں اور اُن کی باز آبادکاری ہماراعزم ہے۔
نائب وزیرا علیٰ نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ و ہ کم سے کم وقت میں شہریوں کی شکایات کا اَزالہ کریں۔
اَپنے دورے کے دوران اُنہوں نے ٹاؤن شپ کے رہائشیوں کے لئے دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے، پینے کے پانی کی دستیابی اور دیگر ضروری خدمات کی صورتحال کابھی جائزہ لیا۔
نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جگتی کے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال میں صحت نگہداشت کی خدمات کا تفصیلی معائینہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو ہدایت دی کہ وہ بلا تعطل اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے ہسپتال کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے علاوہ مریضوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اَدویات کی مناسب فراہمی پر بھی زور دیا۔