سرینگر//
پولیس نے پہاڑی ضلع شوپیاں میں تین منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے۳۸۱گرام ہیروئن اور۸۸۸۰ء۱کلو گرام چرس جیسی ممنوع نشیلی اشیائبرآمد کرکے ضبط کی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہر گام بونہ پورہ شوپیاں میں پولیس نے دو منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے۳۸۱گرام ہیروئن برآمد کی ۔
پولیس نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شوپیاں پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ بونہ پورہ شوپیاں میں رہائشی مکان میں ہیروئن کی خرید و فروخت ہو رہی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس نے بشیر احمد صوفی ولد غلام حسن صوفی ساکن بونہ بازار ہر گام شوپیاں کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں پرویز احمد پیر ولد غلام الدین پیر ساکن تجر سوپوراور بشیر احمد صوفی کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے۳۸۱گرام ہیروئن برآمد کی ۔
پولیس نے اس ضمن میں۲۴/۱۷۵کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
دریں اثنا مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس نے بٹہ پورہ وچھی لنک روڈ پر ناک چیکنگ کے دوران ایک شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے۸۸۸۰ء۱کلو گرام چرس جیسی اشیائبرآمد ہوئی ۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس پوسٹ وچھی شوپیاں میں تعینات عملے نے بٹہ پورہ وچھی لنک روڈ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک راہگیر عمر احمد بٹ ولد محمد اسماعیل بٹ ساکن مرہامہ سنگم کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی ۔
ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران عمر احمد بٹ کے قبضے سے۸۸۰ء۱کلو گرام چرس برآمد ہوا ہے ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ۲۰/۸؍این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کیلئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو پولیس کے ساتھ اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔
اس دوران جموںکشمیر کے ر اجوری ضلع کے نوشہرا سیکٹر میں سیکورٹی فورسز نے منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے دو افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور فوج نے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں ناکہ لگایا جس دوران دو افراد کو روک کر ان کے قبضے سے ۵ء۵کلو مشتبہ منشیات کی اشیائبرآمد کی گئی۔
گرفتار شدگان کی شناخت سبھاش چندر ولد پشوری لال ساکن کانیتی اور ساجن کمار ولد اوم پرکاش ساکن شیر کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔