نئی دہلی///
نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ ‘آغا سید روح اللہ مہدی نے پیر کے روز لوک سبھا میں ایک پرجوش درخواست پیش کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے جموں کشمیر پولیس سب انسپکٹر (جے کے پی ایس آئی) کے عہدوں کے امیدواروں کے لئے عمر میں ایک بار کی چھوٹ دینے کی اپیل کی۔
روح اللہ نے کہا کہ یہ مسئلہ ان ہزاروں امیدواروں سے متعلق ہے جو بھرتی کے عمل میں طویل تاخیر کی وجہ سے اوپری عمر کی حد سے تجاوز کرنے کے بعد نااہل ہوگئے ہیں۔
ممبر پارلیمنٹ نے دلیل دی کہ ان واقعات کی وجہ سے بھرتی کے اہم مواقع میں تاخیر ہوتی ہے، جس سے بہت سے امیدوار اپنی قابلیت اور لگن کے باوجود پولیس فورس میں خدمات انجام دینے کے موقع سے محروم ہوجاتے ہیں۔
روح اللہ نے جموں کشمیر کے نوجوانوں پر وسیع تر اثرات کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال نے بے شمار امیدواروں کو مایوس اور اپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی بنا دیا ہے۔
روح اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ عمر کی بالائی حد میں ایک بار کی چھوٹ دینا نہ صرف ایک منصفانہ حل ہوگا بلکہ بھرتی کے نظام میں اعتماد کی بحالی میں بھی ایک اہم قدم ہوگا۔ان کاکہنا تھا’’میں حکومت ہند اور وزیر داخلہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں‘‘۔
این سی رکن پارلیمنٹ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جموںکشمیر کے نوجوانوں کو درپیش انوکھے چیلنجوں پر غور کرے اور اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔