سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر برف جمع ہونے کی وجہ سے پیر کو دوسرے روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے ۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والا سونہ مرگ، کرگل روڈ بھی بند ہے تاہم وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دوطرفہ نقل و حمل حسب معمول جاری ہے ۔
ٹڑیفک حکام نے بتایا کہ مغل روڈ اور سونہ مرگ ، کرگل روڈ پر برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک ہنوز بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیکن حکام سے اجازت ملنے کے بعد یہ ان سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بحال کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ سرینگر،جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل حسب معمول جاری ہے ۔
حکام نے مسافرں سے قومی شاہراہ پر لین ڈسپلن پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے ۔
انہوں نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر دن کے دوران ہی سفر کریں اور چٹانیں کھسکنے یا مٹی کے تودے گر آنے کے خدشات کے پیش نظر رام بن اور بانہال کے درمیان غیر ضروری طور رکنے سے اجتناب کریں۔
ادھر جموں کشمیر بالائی علاقوں میںاتوار کے روز ہوئی تازہ برف باری کے بعد پیر کو کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے برف پوش پہاڑی چوٹیوں سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام کے پہاڑی اسٹیشنوں پراتوار کے روز تازہ برف باری ہوئی کیونکہ سیاح کو گلمرگ اور بوٹا پتھری علاقے کی سڑکوں پر پھلسن پیدا ہونے کی وجہ سے دشواریوں کا سامنا کر رہے تھے۔
حکام نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے کہ علاقے میں تازہ برف باری کی وجہ سے ٹائروں پر بغیر پھسلن چین کے بغیر کسی گاڑی کو ٹنگمرگ سے گلمرگ جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اونچے علاقوں میں تازہ برفباری نے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی کی ہے۔
دریں اثنا موسمیاتی مرکز سرینگر نے پیر کو جموں کشمیر کے کئی علاقوں میں پر ۱۸دسمبر تک سرد اور خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔تاہم اس نے۱۲دسمبر کو جموں و کشمیر کے الگ تھلگ اونچے مقامات پر ہلکی برف باری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ موسم کی صورتحال۱۱دسمبر تک خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے الگ تھلگ اونچے علاقوں میں۱۲دسمبر کو ہلکی برفباری کا امکان ہے۔تاہم عہدیدار نے مزید کہا کہ۱۳ سے۱۸ دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ اگلے۷ دنوں کے دوران عام طور پر بہت سے اسٹیشنوں پر سرد اور خشک موسم غالب رہے گا۔اہم گزرگاہوں اور اونچے راستوں کی سڑکوں پر کم درجہ حرارت اور برفانی صورتحال کے پیش نظر، اہلکار نے سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو انتظامیہ اور محکمہ ٹریفک کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔