سرینگر//
منشیات فروشوں کیخلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے پانچ رہائشی مکان اور تین گاڑیوں کو منسلک کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اننت ناگ پولیس نے ریاض احمد ڈار ولد محمد رمضان ڈار ، محمد یوسف ریشی ولد علی محمد ریشی ، سبزار احمد میر ولد ثنا اللہ میر، محمد شفیع ڈار ولد محمد مقبول ڈار اور عبدل حمید چوپان ساکنان اننت ناگ نامی منشیات فروشوں کے پانچ رہائشی مکان اور تین گاڑیاں قرق کی۔
ترجمان نے کہاکہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ۱۹۸۵کی متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے سال رواں میں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کئی منشیات فروشوں کی پراپرٹی کو اٹیچ کیا ہے ۔
پولیس کے مطابق اس طرح کی کارروائی سے منشیات فروشوں کے حوصلے پست ہوجائیں گے اور منشیات کے کاربار میں کمی آسکتی ہے ۔
اس دوران پولیس نے سری نگر میں ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
گرفتار شدہ منشیات فروش کی شناخت سجاد شیخ ولد بختاور شیخ ساکن شیخ کالونی حول کے طور پر کی گئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن نوہٹہ کی ایک پارٹی نے ملہ کھاہ چوک میں ایک معمول کے ناکے کے دوران ایک مشکوک شخص کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے۳۷ء۳کلو چرس جیسا مواد اور۲گرام چرس بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ منشیات فروش کی شناخت سجاد شیخ ولد بختاور شیخ ساکن شیخ کالونی حول کے طور پر کی گئی ہے ۔
بیان کے مطابق پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن نوہٹہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔