جموں//
جموں کشمیر میں پولیس کانسٹیبلوں کی ۴۰۰۲ خالی آسامیوں کیلئے۵۹ء۵ لاکھ سے زیادہ امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔ یہ ٹیسٹ اتوار سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں شروع ہونے والا ہے۔
دریں اثنا، نوجوانوں کے ایک گروپ نے یہاں مظاہرہ کیا اور عمر کی حد میں نرمی اور امتحانات کو دوبارہ شیڈول کرنے کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔
جموں کشمیر سروسز سلیکشن ریکروٹمنٹ بورڈ (ایس ایس آر بی) کی چیئرپرسن اندو کنول چب نے یہاں ایک اجلاس میں بتایا کہ کانسٹیبل (ہوم ڈپارٹمنٹ) کے۴۰۰۲عہدوں کیلئے کل۵لاکھ۵۹ہزار۱۳۵؍امیدواروں شرکت کررہے ہیں۔
چیف سکریٹری اٹل ڈولو نے امتحانات کے انعقاد کیلئے ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سول انتظامیہ اور محکمہ پولیس کا اجلاس طلب کیا تھا۔
چب نے کہا کہ کانسٹیبل (ایگزیکٹو / آرمڈ / ایس ڈی آر ایف) کے عہدوں کیلئے امتحانات یکم دسمبر کو ۲۰ اضلاع کے ۸۵۶ مراکز پر منعقد ہونے جا رہے ہیں ، جس کیلئے۲لاکھ۶۲ہزار۸۶۳؍ امیدوار شرکت کررہے ہیں‘ جن میں سب سے زیادہ۵۴ہزار۲۹۶؍امیدوار جموں ضلع سے شامل ہوں گے۔
اسی طرح کانسٹیبل (ٹیلی کمیونیکیشن) کے عہدوں کیلئے ایس ایس آر بی چیئرپرسن نے کہا کہ۸ دسمبر کو ہونے والے امتحانات میں ایک لاکھ۶۷ہزار۶۰۹؍امیدوار شامل ہوں گے اور ۲۲ دسمبر کو کانسٹیبل (فوٹوگرافر) کے امتحان میں ایک لاکھ۲۸ہزار۶۶۳؍ امیدوار شریک ہوں گے۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلی بار ہر مرکز پر مرد اور خواتین گزیٹیڈ افسران کو ’تلاشی سپروائزر‘کے طور پر تعینات کیا گیا ہے، اس کے علاوہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے امتحانات کی ویڈیوگرافی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ امتحانات کے پرامن انعقاد کیلئے مبصرین، سپروائزرز، انویجیلیٹرز اور دیگر اہلکاروں سمیت عملے کی تعیناتی کے حوالے سے مناسب انتظامات کریں۔
ڈولو نے ڈپٹی کمشنرز پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ امتحانی مراکز کا دورہ کریں، اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ میں سینئر افسران کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دیں جو اپنے اضلاع میں قائم تمام مراکز کا معائنہ کریں۔
ترجمان نے بتایا کہ چیف سکریٹری نے انہیں اس بات کو یقینی بنانے کے لئے آگاہ کیا کہ کہیں بھی نقل یا بدانتظامی کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور ضلع کے ہر مرکز پر کافی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات ہوں۔
چیف سیکریٹری نے ان سے حساس اور غیر حساس امتحانی مواد کی مراکز تک ترسیل کے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔
ترجمان نے کہا کہ چیف سکریٹری نے انہیں اس وقت تک پورے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کی ہدایت کی جب تک محکمہ پولیس کی طرف سے او ایم آر شیٹس ایس ایس آر بی کو واپس نہیں بھیج دی جاتی ہیں۔
دریں اثنا، نوجوانوں کے ایک گروپ نے، جو زیادہ عمر کی وجہ سے کانسٹیبل کے عہدوں کے لئے درخواست نہیں دے سکے، یہاں مظاہرہ کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔انہوں نے کہا’’ہم نے پولیس میں شامل ہونے اور ملک کی خدمت کرنے کا بھی خواب دیکھا تھا، لیکن انتظامیہ نے ہمیں موقع دینے سے انکار کر دیا، جو سالوں تک امتحان منعقد کرنے میں ناکام رہا‘‘۔
یوتھ لیڈر اور سماجی کارکن مہران انجم میر نے کہا کہ ہم نے لیفٹیننٹ گورنر، سیاسی جماعتوں اور افسران کو عمر میں چھوٹ دینے کیلئے اپنی نمائندگی دی ہے لیکن ہماری تمام درخواستوں کو نظر انداز کردیا گیا۔
مظاہرین نے کانسٹبل اور سب انسپکٹر کے عہدوں کیلئے عمر میں چھوٹ کے اپنے مطالبے کو دہرایا اور کانسٹیبل امتحان کو دوبارہ شیڈول کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ انہیں بھی مقابلہ کرنے کی اجازت دی جاسکے۔
ایس ایس آر بی نے جموں کشمیر پولیس ڈپارٹمنٹ میں ۶۶۹ سب انسپکٹروں کی بھرتی کے لئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ سرکاری شیڈول کے مطابق بھرتی کے لئے درخواستوں کا عمل۳ دسمبر سے شروع ہوگا اور ۲ جنوری۲۰۲۵ کو اختتام پذیر ہوگا۔