سرینگر//
ریجنل نیوز یونٹ(آر این یو)آکاشوانی سرینگر نے آج اپنے عملے کے ا رکان کیلئے ان کی خدمات کت اعتراف میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں انہیں تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر (پروفیسر) مشتاق احمد صدیقی، سابق وی سی، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) نے اپنے خطاب میں کہا کہ خبریں دنیا کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی ماحول کو تشکیل اوار نئی شکل دینے کی طاقت رکھتی ہیں۔
سرینگر کے خبروں کی ترسیل کے معیارات کی تعریف کرتے ہوئے، انہوں نے آکاشوانی اسٹیشن کے ساتھ اپنے ذاتی تعلق کو شیئر کیا۔
پروفیسر صدیقی نے فلیگ شپ پروگراموں، شہربین اور شام کے خبروں کے بلیٹن کے ساتھ اپنی گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
پی آئی بی سرینگر کے جوائنٹ ڈائریکٹر اور آر این یو، ڈی ڈی کے سری نگر خبروں کے سربراہ قاضی محمد سلمان نے ریڈیو اور دوردرشن کے آر این یوز میں خبروں کی تیاری اور ترسیل کیلئے میڈیا کی غیرجانبداری کیلئے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا۔
سلمان نے کہا’’میڈیا کی غیر جانبداری خبر سازی کا بنیادی اصول ہے، اور ریڈیو اور دوردرشن کے آر این یوز نے بغیر سمجھوتہ کے اس معیار کو برقرار رکھا ہے‘‘۔
آر این یو کے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے، سلمان نے خبروں کے مستند، متوازن اور قابل اعتبار ہونے کو یقینی بنانے میں ان کی محتاط کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا ’’ہر خبر کے نشر ہونے سے پہلے، پیشہ ورانہ مہارت کی ایک اہم سطح صداقت اور توازن کو برقرار رکھنے کے لیے اس کی تیاری میں شامل ہوتی ہے‘‘۔
محمد رفیع، سابق ڈائریکٹر اور مشن ایڈوائزر سکول ایجوکیشن، جموں کشمیر حکومت نے کہا کہ کثرت اور ہمہ جہتی آکاشوانی اور دوردرشن کی خبروں کی ترسیل کے ستون بن گئے ہیں۔
محکمہ اطلاعات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ‘احسن الحق چشتی نے کہا کہ آکاشوانی سرینگر کئی لحاظ سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے اور اس نے خبروں کی صداقت کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیو اس ڈیجیٹل دنیا میں اب بھی لوگوںکی اُمنگوں پر پورا اُترتا ہے اور اس نے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
آر این یو آکاشوانی سرینگر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مصنف اور کالم نگار ڈاکٹر محمد معروف شاہ نے کہا کہ یہ تقریب اس کے عملے کی صلاحیتوں کا ایک اہم اعتراف ہے جو اداروں کے اندر کمیونٹی کی تعمیر کے لیے بہت ہی اہم ہے۔
آکاشوانی سرینگر کے پروگرام ہیڈغلام رسول آخون نے اپنے خطاب میں آر این یو آکاشوانی سرینگر کی اس پروقار تقریب کے انعقاد کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا جس سے عملے کی حقیقی معنوں میں حوصلہ افزائی ہوگی جو کہ علاقائی نیوز یونٹ کی شہ رگ ہے۔
میڈیا ایجوکیشن ریسرچ سنٹر (ایم ای آر سی)، کشمیر یونیورسٹی کے سابق اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مسلم جان نے کہا کہ یہ بہت حوصلہ افزا ہے کہ ایم ای آر سی کے طلباء مختلف میڈیا اور دیگر نمایاں مقامات پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو کہ قابل تعریف ہے۔
تقریب کا آغاز آر این یو آکاشوانی سرینگر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور خبروں کے شعبہ کے سربراہ طارق احمد راتھر کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے آر این یو آکاشوانی سرینگر کی کامیابی کا سہرا اس کے پیشہ ور اور پرعزم عملے کو دیا۔
راتھر نے کہا ’’آکاشوانی آر این یو سرینگر۱۹۴۸ سے بروقت اور درست خبروں کا ایک قابل اعتماد ذریعہ رہا ہے۔ یہ کامیابی صرف ہماری ٹیم کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے، جو ہمارے قابل اعتماد خبروں کی فراہمی کے ہدف کو پورا کرنے کیلئے ہر روز کام کرتی ہے‘‘۔
تقریب میں پی آئی بی سرینگر، کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سنیل کول، آر این یو ڈی ڈی کے سرینگر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شبیر احمد ڈار، شیخ مدثر امین، ایڈیٹر نیوز ڈی ڈی کے سرینگر، نصیر احمد راتھر، ایف پی او، سی بی سی، سرینگر اور افہام الاسلام، آئی اے، پی آئی بی سری نگر اور وہ سبھی افراد‘ جنہوں نے تعریفی اسناد حاصل کیں‘نے شرکت کی۔ آکاشوانی سرینگر کے نیوز ایڈیٹراشفاق احمد شاہ نے تحریک شکرانہ پیش کیا۔