سرینگر//
آئی جی بی ایس ایف ‘اشوک یادو نے ہفتے کے روز کہا کہ ملی ٹینٹوں نے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کم کردیا ہے جو ان کو تلاش کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کیلئے چیلنج بن گیا ہے ۔
یادو نے کہاکہ موسم سرما کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر فوج کی چوکسی بڑھائی گئی ہے ۔
ان باتوں کا اظہار آئی جی نے ہمہامہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
آئی جی بی ایس ایف نے کہاکہ ملی ٹینٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں۔
سرگرم ملی ٹینٹوں کے درمیان مواصلات کم ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آئی جی بی ایس ایف نے کہاکہ ملی ٹینٹوں نے ایک دوسرے کے ساتھ رابط کم کردیا ہے جو سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے اب نیا چیلنج بن گیا ہے تاہم اس کا مقابلہ کرنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے ۔
موسم سرما کے دوران ایل او سی پر دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آئی جی بی ایس ایف نے کہاکہ ایل او سی پر سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کیا گیا ہے ۔
ایل او سی کے اس پر لانچنگ پیڈوں کو فعال کرنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں بی ایس ایف آفیسر نے کہاکہ لانچنگ پیڈوں پر ایسے لوگ موجود ہیں جو جموں وکشمیر میں امن و امان کو خراب کرنے کی سازشیں رچا رہے ہیں ۔
یادو نے کہا کہ موسم سرما کے آغاز سے پہلے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی مسلسل کوششیں کی جاتی ہیں ، لیکن سیکورٹی فورسز’غیر محفوظ خلا‘ پر غلبہ حاصل کرنے کے لئے اپنے آپریشنل منصوبوں کو آگے بڑھاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال بھی بھارتی افواج غالب ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ بھاری برفباری سے قبل ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔
یادو نے کہاکہ بی ایس ایف نے ایل او سی پر چوکسی اس قدر بڑھائی ہے کہ اب کوئی ملی ٹینٹ اس طرف نہیں آسکتا ۔
ایک اورسوال کے جواب میں کہ کیا پاکستان کی سیاسی صورت حال کا یہاں کوئی اثر پڑے گا، بی ایس ایف کے سینئر آفیسر نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں اس طرح کی کوئی تبدیلی آتی ہے تو یہاں ضروراس کا اثر ہوتا ہے ۔’’لیکن میں اس پر پر تبصرہ نہیں کر سکوں گا۔ یہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کام ہے۔‘‘