ممبئی//
سابق ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹر آکاش چوپڑا نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی تاکہ یہ واضح کیا جاسکے کہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے نوجوان ہندوستانی بولر عمران ملک کی سپیڈ اور لائن و لینتھ کے تناظر میں دراصل کیا کہا تھا۔ گزشتہ چند دنوں میں کئی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہین آفریدی نے عمران ملک کے بولنگ سٹائل پر تبصرہ کیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ 22 سالہ نوجوان فاسٹ باولر نے کہا کہ لائن لینتھ اور سوئنگ کے بغیر رفتار کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ہے ۔ اس خبر سے سوشل میڈیا پر الفاظ کی جنگ چھڑ گئی تاہم اتوار کو چوپڑا نے ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوال کیا تھا اور آفریدی نے کیا جواب دیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے پوچھا، "آپ نمبر 1 بولر بننے کی دوڑ میں ہیں۔
کیا آپ کے ذہن میں یہ بھی ہے کہ آپ تیز گیند پھینکتے ہیں؟‘۔ اس سوال کے جواب میں آفریدی کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ کے پاس لائن اور لینتھ اور سوئنگ نہیں ہے تو رفتار آپ کی مدد نہیں کر سکتی‘۔
ایک اور ٹویٹ میں آکاش چوپڑا نے ایک تصویر شیئر کی جس میں عمران کے حوالے سے آفریدی کے اقتباسات کو دکھایا گیا تھا۔ چونکہ یہ اصل میں ایک تصدیق شدہ ٹویٹر ہینڈل کے ذریعہ شیئر کیا گیا تھا اس وجہ سے سابق ہندوستانی بلے باز نے اس ٹویٹر ہینڈل کے مالکان سے اپنے مواد ’بہتر کرنے‘ کو کہا۔