لاہور//
پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف 8 جون بروز بدھ سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والی آئندہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں کئی منفرد ریکارڈز کے دہانے پر ہیں۔ اگر بابر اعظم پہلے ون ڈے میں سنچری بنا لیتے ہیں تو وہ دو مواقع پر لگاتار 3 سنچریاں بنانے والے تاریخ کے پہلے بلے باز بن جائیں گے۔
بابر اعظم نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ون ڈے میچوں میں لگاتار دو سنچریاں سکور کی ہیں اور اب انہیں یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے پہلے ون ڈے میں سنچری کی ضرورت ہے۔ وہ اب تک 31 مارچ 2022ء کو آسٹریلیا کے خلاف 114 اور 2 اپریل 2022ء کو 105 رنز کی باری کھیل چکے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اس سے قبل 2016ء میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے دوران لگاتار تین سنچریاں سکور کی تھیں جس سے وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے تھے۔
وائٹ بال کرکٹ میں نمبر 1 بلے باز بھی ایک اور سنگ میل کی راہ پر گامزن ہے کیونکہ وہ ICC مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں 1000 رنز تک پہنچنے والے پہلے بلے باز بننے سے صرف 98 رنز کی دوری پر ہے۔ آل فارمیٹس کپتان جو 16 ون ڈے سنچریوں تک پہنچنے والے سب سے تیز بلے باز ہیں، کا 50 اوور فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی بہت شاندار ریکارڈ ہے جن کے خلاف انہوں نے 7 اننگز میں 89.33 کی اوسط سے 536 رنز بنائے ہیں جن میں 4 سنچریاں شامل ہیں۔