جموں//
جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے ایک اعلیٰ پولیس افسر نے چہارشنبہ کے روز لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والے دیہاتیوں سے رابطہ کیا اور ان سے محتاط رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (پونچھ) شفقت حسین نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ تین سطحی سرحدی باڑ سے پہلے واقع دیگوار اور تروان کے دیہاتیوں کے ساتھ خصوصی بات چیت کی۔
اس ملاقات کا مقصد تعلقات کو مضبوط بنانا، خدشات کو دور کرنا اور خطے میں سلامتی کو بڑھانا تھا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بات چیت کے دوران حسین نے مشکل حالات کا سامنا کرتے ہوئے گاؤں والوں کے حوصلے اور حب الوطنی کی تعریف کی۔
سینئر افسر نے گاؤں والوں کو ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں پولیس کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ان پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں۔
ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی اقدامات کو بڑھانے ، سرحدی حفاظت کو یقینی بنانے اور پولیس اور دیہاتیوں کے مابین مواصلات کو مضبوط بنانے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مقامی لوگوں کی جانب سے اجاگر کئے جانے والے مسائل میں تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، روزمرہ کی زندگی اور ترقیاتی اقدامات سے متعلق چیلنجز سے نمٹنا شامل ہے۔
حسین نے اعتماد پیدا کرنے اور تعاون کو فروغ دینے میں کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا۔
ایس ایس پی نے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے پولیس کی طرف سے کئے گئے حالیہ اقدامات جیسے گشت میں اضافہ ، ہنگامی صورتحال میں تیزی سے ردعمل اور دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ قریبی تعاون پر روشنی ڈالی۔
ناکافی تعلیم اور صحت کی سہولیات پر گاؤں والوں کے خدشات کا جواب دیتے ہوئے حسین نے کہا کہ ان مسائل کو ضروری کارروائی کیلئے اعلی حکام تک پہنچایا جائے گا۔