سرینگر//
جموں کشمیر اسمبلی کے سپیکر عبدالرحیم راتھر نے پی ڈی پی کے لیجسلیٹر پارٹی لیڈر وحیدالرحمن پرہ سے اسمبلی میں اپنے تقریر کے دوران مبینہ نقص استحقاق پر جواب طلب کیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے ممبر اسمبلی نذیر احمد گریزی کی شکایت پر سپیکر عبدالرحیم راتھر نے وحید الرحمن پرہ سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
بتادیں کہ۸نومبر کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران نذیر احمد گریزی نے ایوان میں خطاب کیا اور اس دوران وحید الرحمن پرہ نے این سی ممبر اسمبلی پر جماعت اسلامی اور پی ڈی پی سرپرست اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔
نذیر گریزی نے وحید الرحمن پرہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جماعت اسلامی یا مرحوم مفتی محمد سعید کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال نہیں کئے ۔
نیشنل کانفرنس کے ممبر اسمبلی نے سپیکر عبدالرحیم راتھر کے سامنے معاملہ ٹھایا جنہوں نے انڈر سیکریٹری کے ذریعے وحید الرحمن پرہ کو اس معاملے پر نوٹس جاری کی ۔
پی ڈی پی ممبر اسمبلی کو سات دنوں کے اندر اندر اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنی کی ہدایت دی گئی ہے ۔
دریں اثنا پی ڈی پی لیڈر وحید الرحمن پرہ نے اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدام ایوان میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی ایک کوشش ہے ۔
انہوں نے کہاکہ یہ نوٹس اپوزیشن کی آواز کو خاموش کرنے کے مترادف ہے اور ہم ایسی حرکتوں سے نہیں ڈریں گے ۔