سرینگر//
جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران سرینگر،جموں شاہراہ پر یاتریوں کی مدد کے لئے ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر- جموں شاہراہ پر چونکہ چٹانیں کھسکنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے جس کے پیش نظر پُر خطر راستوں پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ ایس پی رام بن موہیتا شرما کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ سری نگرأ جموں شاہراہ سلائڈ زدہ علاقوں میں جموں وکشمیر پولیس کی خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر قبل از وقت ہی اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکا بنایا جاسکے ۔
ترجمان کے مطابق موصوف ایس پی نے پولیس ، سیکورٹی فورسز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دوران باہمی تال میل کو بنائے رکھیں۔
معلوم ہوا ہے کہ حالیہ شہری ہلاکتوں کے بعد مرکزی وزیر داخلہ کی سربراہی میں منعقدہ میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ یاتریوں کی حفاظت کیلئے تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی جائے گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر امسال۲۵۰پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں وادی وارد ہوں گی۔
گذشہ ہفتے لگ بھگ ایک سو کمپنیاں کشمیر وارد ہوئی ہیں اور آنے والے دنوں کے دوران مزید کمپنیاں امر ناتھ روٹوں پر تعینات کی جارہی ہیں۔
۴۳دنوں پر محیط یہ سالانہ یاترا ماہ رواں کی۳۰ تاریخ سے شروع ہونے والی ہے ۔