گاندھی نگر/۱۹نومبر
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کو کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی زیرقیادت حکومت گزشتہ 10 سالوں میں جموں و کشمیر ، شمال مشرقی اور نکسل متاثرہ علاقوں میں تشدد کو 70 فیصد تک کم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
راشٹریہ رکشا یونیورسٹی میں 50 ویں آل انڈیا پولیس سائنس کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ آنے والی دہائی ہندوستانی فوجداری انصاف کے نظام کو دنیا میں سب سے زیادہ سائنسی اور تیز ترین بنانے جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا”برسوں تک، تین علاقوں کو بہت پریشان سمجھا جاتا تھا …. کشمیر، شمال مشرق اور نکسل سے متاثرہ علاقے۔ ہم نے ان تینوں خطوں میں سیکورٹی کے لحاظ سے نمایاں بہتری کی ہے۔ اس سے پہلے کے عرصے سے پچھلے 10 سالوں کے اعداد و شمار کا موازنہ کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ ہم تشدد کو 70 فیصد تک کم کرنے میں کامیاب رہے ہیں“۔
شاہ نے کہا کہ تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کے ساتھ ہی ملک کے کسی بھی تھانے میں ایف آئی آر درج ہونے کے تین سال کے اندر اندر سپریم کورٹ سے لوگوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
تین نئے فوجداری قوانین بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس)، بھارتیہ شہری سرکشا سنگھیتا (بی این ایس ایس) اور بھارتیہ سکشیہ ادھینیام (بی ایس اے) بالترتیب برطانوی دور کے انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی)، کوڈ آف کرمنل پروسیجر (سی آر پی سی) اور انڈین ایویڈنس ایکٹ کی جگہ اس سال یکم جولائی سے نافذ العمل ہوئے تھے۔