سرینگر//
صحت اور طبی تعلیم کی وزیر سکینہ یتو نے ہفتے کے روز گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام میں ایک نئے تعلیمی انفراسٹرکچر پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر رکن اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔
وزیر نے تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا’’کالج تمام لوگوں کا سرمایہ ہوتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ بچے یہاں آکر تعلیم حاصل کریں‘‘۔
ایتو نے کہا’’اس کالج میں دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچے پڑھنے کے لئے آتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ان کیلئے اس کالج میں تمام سہولیات کو میسر رکھا جائے ‘‘۔
خاتون وزیر کا کہنا تھا کہ جو اسٹریم یہاں نہیں پڑھائی جاتی ہیں ان کو بھی پڑھانے کا بندو بست کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں سکینہ یتو نے کہا’’گذشتہ پانچ برسوں کے دوران کئی تعلیمی ادارے دوسرے تعلیمی اداروں میں ضم کئے گئے جس کی وجہ سے انفراسٹرکچر خالی پڑ گیا جس کو دیکھا جا رہا ہے کہ اس کو کسی طرح سے کام میں لایا جائے گا۔‘‘