جموں//
امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور ٹرانسپورٹ کے وزیر‘ ستیش شرما نے پیر کے روز کہاکہ جموں کشمیر کے لوگ ریاستی درجے کی بحالی چاہتے ہیں اوراس پر جلدازجلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی خاطر نیشنل کانفرنس زمینی سطح پر کام کر رہی ہے ۔
شرما نے مزید کہا کہ موجودہ سرکار نے الیکشن منشور میں جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار وزیر نے شیر کشمیر بھون جموں میں کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیر نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے دوران جموں کشمیر کے لوگوں نے نیشنل کانفرنس کو منڈیٹ دیا ہے ۔ان کے مطابق جموں صوبے کے لوگوں کو این سی لیڈر شپ کا مشکور ہونا چاہئے کہ اس بار جموں سے تین منسٹر چنے گئے ہیں۔
شرما نے مزید بتایا کہ موجودہ سرکار نے پہلی کابینہ میٹنگ کے دوران ہی الیکشن منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کیا اور آنے والے دنوں کے دوران مزید وعدوں کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے وزیر نے کہاکہ جموں کشمیر کے لوگ سٹیٹ ہڈ کی بحالی چاہتے ہیں اور ہم لوگوں کی توقعات پر کھرا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔
میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے ستیش شرما نے کہاکہ صحافیوں کو غیر جانبدرانہ رپورٹنگ کرنی چاہئے ۔