سرینگر//
فوج کا کہنا ہے کہ سگی پورہ سوپورمیں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے گئے ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے فوج کو بھر پور تعاون مل رہا ہے ۔
فوج کے ایک سینئر آفیسر بریگیڈیر دیپک موہن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ جمعرات کی شام سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سوپور کے پانی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
موہن نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کردی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔
بریگیڈیر نے مزید بتایا کہ رات بھر ملی ٹینٹوں کی حرکات و سکنات پر نظرگزر رکھنے کی خاطر کواڈ کاپٹروں اور ڈرونز ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا گیا۔
موہن کے مطابق جمعے کی صبح ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر دوبارہ فائرنگ شروع کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ۔بریگیڈیر کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت اور ان کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔
بریگیڈیر نے کہا’’آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کی خاطر مقامی لوگوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ اپنا بھر پورتعاون فراہم کیا جس کے لئے ہم لوگوں کے بے حد مشکور ہیں‘‘۔
موہن نے کہاکہ مہلوک دہشت گرد شمالی کشمیر میں کچھ عرصے سے سرگرم تھے اور ان کی ہلاکت سیکورٹی فورسز کے لئے بڑی کامیابی ہے ۔
اس موقع پر ڈی آئی جی شمالی کشمیر مقصود الزماں نے کہاکہ سوپور تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے ۔
اس سے پہلے ایس ایس پی سوپور دویا ڈی نے میڈیا کو بتایا’’گذشتہ شام سیکورٹی فورسز کو سوپور میں دو دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی‘‘۔انہوں نے کہا’’ہم نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر علاقے میں فوری طور پر مشترکہ آپریشن شروع کر دیا جو ہنوز جاری ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’’اس دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جن کی شناخت معلوم کی جار ہی ہے ‘‘۔
ایس ایس پی نے کہا کہ ان کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ابھی بھی جاری ہے ۔
قبل ازیں کشمیر زون پولیس نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا’’سوپور میں انکائونٹر کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے ‘‘۔انہوں نے کہا’’جاں بحق دہشت گردوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کیا جا رہی ہے ‘‘۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔
پولیس نے جمعرات کی رات دیر گئے بتایا کہ بارہمولہ کے سگی پورہ سوپور میں ملی ٹنٹوں کے چھپے رہنے کے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے میں ملی ٹنٹ مخالف آپریشن شروع کر دیاانہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے رات کو اندھیرے کے پیش نظر آپریشن کو معطل کر دیا تاہم تمام راستوں کو مسدود کر دیا تاکہ پھنسے ہوئے ملی ٹنٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکے انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ دوبارہ شروع ہوا۔
بتادیں کہ یہ شمالی کشمیر میں رواں ہفتے کے دوران ہونے والا تیسرا انکائونٹر ہے ۔
قبل ازیں کپوارہ اور بانڈی پورہ میں ہونے والے دو الگ الگ انکائونٹرز میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے ۔