جموں//
پولیس نے کرائم برانچ میں تعینات ایک کانسٹیبل اور اس کی دو بیویوں کو جمعرات کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے۳۳ گرام ہیروئن اور ڈھائی لاکھ سے زیادہ نقد رقم برآمد کی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جانی پور میں کانسٹیبل پرویز خان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے نتیجے میں ۲۲ موبائل فون ، وزن کرنے والی مشین اور منشیات کی پیکنگ کے لئے استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد ہوا ، جسے مقامی طور پر’چٹا‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ خان اپنی دو بیویوں نرگس بھٹ اور پروین اختر کے ساتھ مبینہ طور پر ہیروئن کے چھوٹے پیکٹ تیار اور فروخت کر رہے تھے اور مقامی نوجوانوں کو نشانہ بنا رہے تھے جب انہیں چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا۔
این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ میں تعینات خان کو گرفتاری کے بعد معطل کردیا گیا ہے۔
جانی پور پولیس خان کے مالی معاملات کی بھی جانچ کر رہی ہے، کیونکہ مبینہ طور پر وہ جانی پور میں دو گھروں کے مالک ہیں اور انہوں نے کافی جائیدادیں جمع کر رکھی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات سے متعلق سرگرمیوں سے حاصل ہونے والے کسی بھی مشتبہ اثاثے کو ضبط کرنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
پولیس نے منشیات کے غلط استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی پر اپنے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ گرفتاری مقامی نوجوانوں کو منشیات کے خطرات سے بچانے کے ان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔