سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں دوران شب ہلکی برف باری ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کے بالائی علاقوں، سونہ مرگ کے بالائی علاقوں، گریز، تلیل اور زوجیلا پاس پر تازہ ہلکی برف باری ہوئی ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ شمالی کشمیر کے کچھ بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے ۔
بتادیں کہ محکمہ موسمیات نے پیر کو وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں۲۹؍اکتوبر کو بھی موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا تھا کہ اس دوران شمالی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع سیاحتی مقام سونہ مرگ میں برف باری کا امکان ہے جبکہ زوجلا پاس پر بھی برف باری ہوسکتی ہے ۔
ماہر موسمیات نے کہا کہ وادی کے بالائی علاقوں میں۳۰؍اکتوبر کی صبح بھی ہلکی برف باری ہونے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد وادی میں۸نومبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے میدانی علاقوں میں فی الوقت برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کھیت کھلیانوں میں اپنے آپریشنز جاری رکھنے کو کہا ہے اور کاٹی ہوئی فصل کا محفوظ ذخیرہ کرنے کی صلاح دی ہے ۔