جموں//
جموںکشمیر کے کشتواڑ ضلع میں ایک تیز رفتار ٹپر نے دو افراد کو ٹکر ماری جس وجہ سے دونوں کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی سہ پہر کشتواڑ کے دربشالہ علاقے میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب تیز رفتار ٹپر نے دو افراد کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے دونوں شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر دونوں جانبر نہ ہو سکے ۔
ہلاک شدگان کی شناخت بلال احمد ولد غلام مصطفی اور عشرت حسین ولد حنیف ساکنان چنگا بھلیسہ کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
ادھر ادھم پور ضلع میں پیش آئے سڑک کے ایک حادثے میں ۲۶طلبا زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ادھم پور کے فرنا علاقے میں سواریوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں۲۶طالب علم زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجو د لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا جہاں پرایک کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
اس دوران وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں منگل کی صبح ۲۰سالہ جوان چلتی ٹرین کی زد میں آکر بر سر موقع ہی فوت ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بڈگام میں منگل کی صبح بڈگام ، مازہامہ ٹریک پر ایک شخص چلتی ٹرین کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں اس کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
متوفی کی شناخت ۲۰سالہ معرفت احمد نجار ساکن روسو کے طور پر ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کیا ہے اور لاش ل کو قانونی وطبی لوازمات کی ادائیگی کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔
دریں اثنا وسطی ضلع گاندربل کے سونہ مرگ علاقے میں منگل کی صبح ایک سڑک حادثے میں کرگل کے رہنے والے ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سونہ مرگ میں منگل کی صبح ایک آلٹو گاڑی اور ایک تیل ٹینکر کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
متوفی کی شناخت محمد رضا اور زخمی کی شناخت ذاکر حسین کے طور پر ہوئی ہے جو دونوں کرگل کے رہنے والے ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔