سرینگر//
جنوبی ضلع اسلام آباد کے ریشی پورہ کپرن گاوں میں سیکورٹی فورسز اورجنگجووں کے مابین جاری تصادم میں ایک فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعے کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اننت ناگ کے ریشی پورہ کپرن گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار تلاشی کارروائی میں مصروف تھے کہ اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرا رہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج نے ایک وسیع العریض رہائشی اور جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری رہنے کے بیچ سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ رہائش پذیر لوگوں کو بھی محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو سے تین جنگجو موجود ہو سکتے ہیںجس کے پیش نظر لوگوں کے چلنے پھرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔