سرینگر//(ویب ڈیسک)
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ رواں سال حج کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حج۲۰۲۲ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اورمقامات مقدسہ پرعازمین حج کوبہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامات مکمل ہیں۔
وزارت حج کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال عازمین کیلئے حج اسمارٹ کارڈ نافذ کیا جائے گا جس میں حج اورمتعلقہ شخص سے متعلق معلومات ہوں گی۔
حج کے دوران بہترین انتظامات کی فراہمی کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔رواں سال ۱۰لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
دریں اثنااسپائس جیٹ نے امسال ملک بھر کے عازمین حج کیلئے۳۱ جولائی تک ۳۷ خصوصی پروازیں چلائے گا۔ بھارت اور سعودی عرب کے درمیان چلائی جانے والی ان خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاج کرام کو بیت اللہ کی زیارت کیلئے مدینہ پہنچایا جائے گا۔
اسپائس جیٹ واحد بھارتی ایئر لائن ہے جو امسال حج پروازیں چلا رہی ہے۔ایئر لائن کے بیان میں کہا گیا ہے سری نگر سے خصوصی پروازیں۵جون سے۲۰جون کے درمیان مدینہ کے لیے روانہ ہوں گی۔
جدہ سے سری نگر کے لیے واپسی کی پروازیں ۱۵جولائی سے۳۱ جولائی تک طے ہیں۔ایسے میں کورونا کی وبائی بیماری کے تقریباً ۲ برس کے طویل وقفے بعد خصوصی حج پروازیں دوبارہ سے آپریشنز شروع کرنے جارہی ہیں۔
واضح رہے سعودی حکومت کی طرف سے جاری حج کوٹے کے مطابق امسال دنیا بھر سے دس لاکھ عازمین اس فریضے کو انجام دیں گے جبکہ بھارت سے ۵۵ ہزار ایک سو۶۴ خواہشمند افراد حج کریں گے۔تاہم سعودی حکومت نے امسال۶۵ برس سے کم عمر کے افراد کو ہی حج پرجانیکی اجازت دی ہے۔