جموں//
جموںکشمیر کے وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں میڈیا کیلئے کوئی سخت پالیسی نہیں اپنائیں گے ۔
عمر نے کہاکہ کئی صحافیوں کو ایکریڈیشن کے حصول میں رکاوٹیں اور اڑچنیں ڈالی گئیں لیکن میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا ۔
ان باتوں کا اظہار وزیر اعلیٰ نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
عمرعبداللہ نے کہاکہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی اور جموں وکشمیر میں میڈیا کو مضبوط کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
ذرائع ابلاغ کو پیغام دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا ’’جموں کشمیر میں میڈیا کیلئے کوئی سخت پالیسی نہیں اپنائیں گے ۔ میں آپ کو میرے خلاف لکھنے کی وجہ سے سزا نہیں دوں گا‘‘۔
عمر عبداللہ نے کہا’’میں یہ یقینی بناؤں گا کہ میڈیا آزاد رہے اور خوف سے بھرے ماحول میں کام نہ کرے ،مجھے علم ہے کہ بہت سے صحافیوں کو اکریڈیشن اور پریس کارڈ نہیں ملے ۔ میں اس مسئلے کو آہستہ آہستہ حل کروں گا‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی حکومت غلطیاں کرے ، ان پر روشنی ڈالیں لیکن اسی کے ساتھ ساتھ این سی حکومت کے اچھے کاموں کو بھی اجاگر کریں۔