جموں//
جموںکشمیر کے ضلع پونچھ میں پولیس نے جموںکشمیر غزنوی فورس (جے کے جی ایف) سے وابستہ دو ہائی برڈ ملی ٹنٹوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ باردو بر آمد کیا ہے ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) جموں ‘آنند جین نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پونچھ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک ٹیم نے علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا اور ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا۔
جین نے کہا’’گرفتار شدگان کی پوچھ تاچھ کے دوران معلوم ہوا کہ یہ ایک بڑی سازش کا حصہ ہیں، ان دہشت گردوں نے پونچھ میں دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے جیسا کہ گذشتہ برس کے دوران پونچھ میں مندر، ہسپتال، گردوارے اور فوجی کیمپ پر گرینیڈ داغے گئے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’ان کا مقصد پونچھ میں بھائی چارے کی فضا کو بھی خراب کرنا تھا‘‘۔
جموں کے اے ڈی جی پی نے کہا’’ان دہشت گردوں نے پونچھ میں ملک دشمن پوسٹر بھی چسپاں کئے ہیں تاکہ دہشت کا ماحول قائم کیا جا سکے ‘‘۔انہوں نے کہا’’اب اس مسئلے کو جموں کشمیر غزنوی فورس کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے حل کیا گیا‘‘۔
جین کا کہنا تھا’’ ان کی فنڈنگ کہاں سے ہو رہی ہے اس کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہے ‘‘۔
اے ڈی جی پی جموںنے کہا کہ ان کے سرحد پار رابطے ہونے کے بارے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی بھرتی کے حوالے سے ان کی گرفتاری سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔
جین کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جو سپورٹ بیس ہے اس پر کافی عرصہ سے کام چل رہا ہے اور دہشت گردوں کی مدد کرنے والوں کی جائیدادوں کو بھی ضبط کیا جا رہا ہے ۔
پولیس آفیسر نے کہا کہ یاترا اور چنائو کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام فورسز نے مل کر محنت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سپورٹ بیس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا’’پونچھ میں جمعہ کی شام ایک آپریشن کے دوران دو ہائی برڈ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا‘‘۔انہوں نے کہا’’گرفتار شدگان کی تحویل سے تین گرینیڈ اور ایک پستول بر آمد کیا گیا‘‘۔
ان کا کہنا تھا ’’سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے علاقے میں بڑے پیمانے کے حملوں کو ناکام بنا دیا گیا‘‘۔
ذرائع نے مزید کہا کہ یہ آپریشن سیکورٹی فورسز کی علاقے میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی کاوشوں کا عکاس ہے ۔